عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ
لندن/ واشنگٹن: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو دُنیا بھر کے ملکوں میں تیل کے نرخوں میں واضح کمی ممکن ہوسکتی ہے۔
خام تیل کی فی بیرل قدر جمعرات کو 2.99 ڈالر کم ہوکر 103.20 ڈالر پر آگئی۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 3 فیصد کمی کے بعد 106 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اس کے علاوہ برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 2.77 ڈالر کم ہوکر 108 ڈالر 97 سینٹس فی بیرل پر آگئی۔
خیال رہے کہ امریکا کے صدر جوبائیڈن جلد کانگریس کے سامنے یہ تجویز رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ امریکی شہریوں کو ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں ریلیف دینے کی خاطر فیڈرل ٹیکس میں تین ماہ کی چھوٹ دی جائے۔
امریکا میں پٹرول پر اس وقت 18.4 سینٹس فی گیلن فیڈرل ٹیکس لیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل پر 24.4 سینٹ فی گیلن ٹیکس لاگو ہے جسے ختم کرنے کی خاطر امریکی کانگریس کی منظوری ناگزیر ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔