اسلام آباد سے تین لیگی ایم این ایز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے اسلام آباد سے جیتنے والے لیگی ایم این ایز طارق فضل چوہدری، انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کردیے۔
ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف شعیب شاہین، علی بخاری و دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے دلائل دیے کہ الیکشن کی رات 12 بجے تک میرے پاس 380 فارم 45 آئے تھے، میں آر او کے دفتر گیا تو میرے فارم طارق فضل چوہدری کے کھاتے میں ڈال رہے تھے اور ان کے میرے کھاتے میں، بمشکل ریٹرننگ افسر کے پاس پہنچا اور کہا کہ اگر غلطی ہے تو اسے درست کرلیں، ریٹرننگ افسر نے دبے لفظوں میں مجھے کہا کہ یہاں سے چلے جاؤ ورنہ نکال دیں گے، فارم 45 پر ریٹرننگ افسر کے دستخط موجود ہیں، الیکشن نتائج کے بعد دو فارم 47 جاری کردیے گئے تھے، عثمان اشرف حلقہ این اے 47 کے آر او تھے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تمام درخواستوں کی سماعت کے بعد حلقہ این اے 46 سے انجم عقیل، این اے 47 سے طارق فضل چوہدری اور این اے 48 سے راجہ خرم نواز کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز معطل کردیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔