ہر شادی شدہ جوڑا اولاد کا مستحق نہیں ہوتا، ثانیہ سعید

کراچی: اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ بچے پیدا کرنا ایک بہت بڑی ذمے داری کا کام ہے اور ہر شادی شدہ جوڑا بچوں کے لائق نہیں ہوتا۔
یہ بات اداکارہ ثانیہ سعید نے ایک حالیہ مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کی اور ان والدین کی ذہنی اور جذباتی صحت کے بارے میں بات کی جو بچے پیدا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں زیادہ تر جوڑے بچوں کی پرورش کرنے کی صلاحیت بھی نہیں رکھتے، ہر جوڑا اولاد کا مستحق نہیں ہوتا، ہر جوڑا اپنی کمزور جذباتی اور ذہنی صحت کی وجہ سے زندگی بھر کے لیے بچوں کا مستحق نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں غور کرنا چاہیے کہ کیا شادی شدہ جوڑا بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے تیار ہے؟ کیا والدین حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں؟ کیا وہ جذباتی طور پر اتنی بھاری ذمے داری نبھانے کے لیے تیار ہیں جو ہم چاہتے ہیں؟
ثانیہ سعید نے مزید کہا کہ ہم شادی شدہ جوڑوں کو اکثر بچے کے لیے مجبور کرتے ہیں۔ ایک چھوٹا بچہ کسی کو بھی پاگل کرسکتا ہے اور پاکستان میں نوجوان والدین بہت ساری ذہنی بیماریوں سے گزر رہے ہیں، بہت سی مائیں زچگی کے بعد ڈپریشن سے گزر رہی ہیں، بچے کے لیے دباؤ ڈالنے والے لوگ یہ بھی نہیں جانتے کہ وہ کیا کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔