نور کا ماہرہ خان کو راستہ بدل کر اللہ سے رجوع کرنے کا مشورہ
لاہور: ماہرہ خان کو لالی وُڈ کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے راستہ تبدیل کرکے اللہ سے رجوع کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔
سوشل میڈیا کی پوسٹ میں نور بخاری نے اداکارہ ماہرہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے اپنا راستہ تبدیل کرتے ہوئے اللہ سے رجوع کریں۔
نور بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ ذہنی طور پر پریشان ہوں اور بے چینی کا شکار ہوں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی روح کو اللہ تعالیٰ سے جڑنے کی ضرورت ہے۔ یہی وقت ہے اس پکار کو سننے اور اپنا راستہ بدلنے کا۔ اللہ آپ کی تکلیف کم کرے۔ ماہرہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار رہنے سے متعلق بات کی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے نور کی پوسٹ پر ملے جُلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے ڈپریشن کو بیماری اور اس کے علاج کی اہمیت اجاگر کی جب کہ دیگر صارفین نے نور بخاری کے مشورے کو سراہا۔