عمران نے ملعون سلمان رشدی کے وکیل کو اپنا وکیل ہائر کرلیا، عطا تارڑ

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ملعون سلمان رشدی کے وکیل کو اپنا وکیل مقرر کردیا ہے۔
عطا تارڑ کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کی عالمی عدالتوں میں نمائندگی کے لیے بیرسٹر جیفری رابرٹسن کو ہائر کیا گیا ہے، یہ وہی وکیل ہے جو ملعون سلمان رشدی کا وکیل بھی رہا ہے، سیاست بچانے کے لیے آپ نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔
ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کا عالمی عدالت میں جانے کے اعلان کا مطلب کیا ہے؟ کیا چیئرمین پی ٹی آئی کا عالمی عدالت میں جانے کے اعلان کا مطلب ریاست اور ملک کے خلاف عالمی عدالت میں جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو ملک دشمنی کا ثبوت دیا اور ملکی اداروں کے خلاف کام کیا، ایک سیاسی جماعت نے ملک پر حملے کیے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا 9 مئی کے واقعات میں آپ کا بھانجا، آپ کی بہنیں اور آپ کا پورا خاندان ملوث ہے، کیا کوئی اپنی سیاست کو بچانے کے لیے اس حد تک جاسکتا ہے؟ ایک شخص پوری نوجوان نسل کو گمراہ کررہا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا آج ملک میں لوگ مہنگائی سے تنگ ہیں، 4 سال میں آپ نے ایک اینٹ نہیں لگائی، چیئرمین پی ٹی آئی فتنہ ہے، یہ اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔