قسمت والا ہوں اللہ نے بیٹیاں عطا کیں، بیٹا نہ ہونے کا کوئی دُکھ نہیں: شاہد آفریدی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بیٹا نہ ہونے کے سوال کا نہایت خوبصورت جواب دے کر دل جیت لیے۔
شاہد آفریدی کو خدا تعالیٰ نے 5 بیٹیوں سے نوازا ہے۔ ان کی پانچوں بیٹیاں انشا، اقصیٰ، اسمارہ، اجوہ اور سب سے چھوٹی عروہ آفریدی جو ابھی محض ایک یا ڈیڑھ برس کی ہیں۔ یہ پانچوں اپنے والد کے ساتھ پورے پاکستان کی آنکھوں کا تارہ ہیں۔ شاہد آفریدی اپنی بیٹیوں سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اکثر اُن کے ساتھ بہترین لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتے ہیں۔


شاہد آفریدی نے چند روز قبل نجی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بتایا میں بہت قسمت والا ہوں کہ خدا نے مجھے بیٹیوں سے نوازا اور میں نے ہر بیٹی کے ساتھ اپنی قسمت کو بدلتے ہوئے دیکھا ہے۔ میزبان نے شاہد آفریدی سے سوال کیا بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایسا ماحول ہے جہاں بیٹوں پر زیادہ زور دیا جاتا ہے اور جن کے یہاں اولاد نرینہ نہیں ہوتی انہیں طعنے دیے جاتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے میزبان کے سوال کے جواب میں کہا ہم پٹھانوں میں بھی اولاد نرینہ پر زور دیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ لوگ بیٹا ہونے کے لیے تعویذ وغیرہ بھی بنواتے ہیں، لیکن میں ان تمام چیزوں کے سخت خلاف ہوں۔ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے میں جس کو اولاد دیتا ہوں اس کو کہتا ہوں اب جاؤ فکر نہ کرو کیونکہ باپ کا سہارا میں بنوں گا لہٰذا ان باتوں کو غلط تو نہیں کہا جاسکتا، قرآن پر ہمارا ایمان اور یقین ہے۔
آفریدی نے مزید کہا میں سمجھتا ہوں اللہ تعالیٰ نے باپ اور بیٹی کا اور ماں اور بیٹے کا رشتہ بنایا ہے۔ پہلے میری بیوی کو بھی بیٹا نہ ہونے کی کمی محسوس ہوتی تھی لیکن بعد میں اس کو اس لیے فکر نہیں ہوئی کیونکہ اس کا شوہر مطمئن ہے اور اسے کوئی مسئلہ نہیں کہ بیٹا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا میری بیوی کو پتا ہے کہ میں اپنی بیٹیوں سے بے حد پیار کرتا ہوں اور میں اپنی بیوی کو بھی سمجھاتا ہوں جس کی وجہ سے میری اہلیہ بھی اس بات سے مطمئن ہیں کہ ہمارا بیٹا نہیں ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔