پہلا ٹیسٹ: فواد کی مزاحمتی اننگز شکست نہ ٹال سکی، نیوزی لینڈ سرخرو!
نیپئر: نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 101 رنز سے مات دے دی۔ فواد عالم کی مزاحمتی اننگز رائیگاں گئی۔
جیت کے لیے 373 رنز کا ہدف پانے والی مہمان ٹیم کے لیے پانچویں روز کی پچ پر پورا دن بیٹنگ کرنا آسان نہیں لگ رہا تھا مگر بیٹسمینوں نے غیر معمولی مزاحمت دکھائی۔
پاکستان نے 3 وکٹ پر 71 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ اظہر علی (38) کے آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم اور محمد رضوان نے طویل شراکت قائم کرتے ہوئے ڈرا کے امکانات روشن کیے۔
محمد رضوان 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ٹوٹل 240 تھا، اس کے بعد فواد عالم 102 بھی وکٹ گنوابیٹھے، یاسر شاہ کھاتہ بھی نہیں کھول پائے، فہیم اشرف نے 19رنز بنائے، محمد عباس (1) کی صورت میں مہمان ٹیم کی نویں وکٹ گری، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کیوی بولرز کے حملے ٹالتے رہے۔
آخر میں پاکستان کو شکست ٹالنے کے لیے مزید 5 اوورز کھیلنا تھے، بالآخر نسیم شاہ(1) کی ہمت جواب دے گئی، مچل سینٹنر نے ان کا شکار کیا، پاکستان کی اننگز 271 پر تمام ہوئی، شاہین شاہ 8 پر ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ نے 101 رنز سے فتح پائی۔