پنجاب اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

لاہور: نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے حلف اُٹھالیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اُن سے حلف لے لیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں ہورہا ہے جس میں اسپیکر سبطین خان نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔ حلف اُٹھانے والوں میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے، کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیکریٹری پنجاب اسمبلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جاسکیں گے جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہوگی۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے جب کہ لیگی ارکان نواز شریف کی تصاویر لے کر ایوان پہنچے۔
مسلم لیگ (ن) کے 215 کے قریب اور سنی اتحاد کونسل کے 97 ارکان ایوان میں موجود ہیں، انہوں نے (ن) لیگ کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ لیگی ارکان نے بھی ان کے نعروں کا جواب دیا، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل اور (ن) لیگ کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے ہیں۔
ایوان میں آمد پر میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب میں مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ کرے پنجاب میں خدمت کا ایک نیا دور شروع ہو۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔