نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز، پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان
کراچی: نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کل دورہ پاکستان پر پہنچ رہی ہے، اس کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا، اسکواڈ میں مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام اور فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی (نیشنل اسٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا، کامران غلام کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق قومی کپتان اظہر علی کی جگہ شامل کیا گیا ہے جب کہ حسن علی نے محمد علی کی جگہ لی ہے، جنہیں فہیم اشرف کی طرح کراچی میں جاری پاکستان کپ میں شرکت کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انجری کا شکار حارث رؤف کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران ہونے والی انجری سے صحت یاب ہورہے ہیں، تاہم کندھے کی تکلیف کی وجہ سے ملتان اور کراچی ٹیسٹ سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو فٹ قرار دے کر پاکستان اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
اعلان کردہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام ہیں۔ بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود۔