نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد: بالآخر نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ارض پاک پر 18 سال بعد قدم رکھ ہی دیے، وہ ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے ڈھاکا سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی، جہاں سے انہیں انتہائی سیکیورٹی میں نجی ہوٹل روانہ کردیا گیا۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم ایک روز روم آئیسولیشن میں گزارے گی، ہوٹل میں قیام کے دوران کیوی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا کووڈ ٹیسٹ ہوگا، رپورٹس منفی آنے کی صورت میں انہیں پریکٹس کرنے کی اجازت ملے گی۔
دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں مقابلے 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان اب تک 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا، تاہم یہ تمام مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ بنگلادیش میں میزبان ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بُری ہزیمت کا سامنا کرکے پاکستان پہنچی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اور اس کے درمیان میچوں کے کیا نتائج برآمد ہوتے ہیں۔