نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو ہراکر سیریز جیت لی
ڈونیڈن: پاکستان کو تیسرے ٹی 20 میں شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی۔
ڈونیڈن میں کھیلے گئے ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے ہراکر سیریز جیت لی۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ بدستور ناکام رہی، پاکستان ٹیم 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔
تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، کیوی اوپنر فن ایلن نے دھواں دھار اننگز میں 137 رنز بناکر قومی ٹیم کے بولرز کو تگنی کا ناچ نچادیا، تاہم زمان خان ان کی وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن نے ریکارڈ 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے صرف 62 گیندوں پر 137 رنز بنائے، ڈیوون کونوے 7، ٹم سائفرٹ 31، ڈیرل مچلز 8، گلین فلپس 19، مارک چپمین 1، مچل سینٹنر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ میٹ ہینری 1 اور ایش سودھی 3 رنز بناکر کریز پر موجود رہے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور 4 اوورز میں 43 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی، اسی طرح زمان خان نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔ حارث رؤف اننگز کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 4 اوورز میں 60 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی، محمد نواز اور محمد وسیم بھی ایک ایک وکٹ لے سکے۔
کیویز کے 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ساتھی بیٹر محمد رضوان نے 24 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم نے مزاحمت کرتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی اور 58 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 19، اعظم خان 10، افتخار احمد 1 اور محمد نواز 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعدازاں کپتان شاہین آفریدی 16 اور محمد وسیم 1 رنز بناکر وکٹ پر موجود رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جب میٹ ہینری 51 رنز دے کر مہنگے بولر ثابت ہوئے۔