نئے وزیراعظم کا انتخاب 3 مارچ کو ہوگا، شیڈول جاری
اسلام آباد: ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو عمل میں آئے گا۔ شیڈول کا اجرا کردیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیراعظم کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو ہوگا۔
وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ کو دن 2 بجے تک وصول کیے جائیں گے اور پھر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 3 بجے تک ہوگی۔
شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے لیے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لیے جاسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آج جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھالیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ ہوگا اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔
شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں جب کہ اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔