نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری، سمری وزیراعظم آفس کو موصول
اسلام آباد: نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے سمری وزیراعظم آفس کو بھجوادی گئی ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔
قبل ازیں اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا اور نئی تقرری کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیوں پر گفتگو ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے پاک فوج میں تبادلوں سے متعلق کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں، اس معاملے میں ہونے والی قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دیں۔