کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ، نیپرا نے کے الیکٹرک سے رپورٹ مانگ لی
اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک سے گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ پر رپورٹ طلب کرلی۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کے شیڈول کی پابندی نہیں کررہی، مختلف علاقوں میں فالٹ تاخیر سے دُور کرنے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق بجلی صارفین کی جانب سے گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں بھی کراچی کے کئی علاقوں میں 24/24 گھنٹوں سے زائد مسلسل بجلی بند رہنے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔ اُس کے بعد سے مسلسل کئی علاقوں میں سخت گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر قائد میں پانی کے بدترین بحران نے بھی سر اُٹھالیا ہے۔