عمران سے انتقام لینے کا کبھی سوچا تک نہیں، نواز شریف

مری: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان سے انتقام لینے کا کبھی سوچا تک نہیں۔
نواز شریف کی زیر صدارت مری میں ن لیگی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا۔ میاں نواز شریف نے لیگی سینیٹرز کو ایوان میں عوام کے مسائل کی بھرپور نشان دہی کی ہدایت کردی۔
نواز شریف نے ملک کی خاطر مل کر چلنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھے، تاکہ ملک دوبارہ پٹری پر آسکے جب کہ قید کے دوران عمران خان نے ہم پر اپنا بھرپور زور چلایا، وہ امریکا جاکر ہمارے اے سی اتارنے کی باتیں کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یقین مانیں میں نے کبھی یہ سوچا تک نہیں کہ اس سے انتقام لوں نہ مجھے اس سے کوئی غرض ہے کہ اس کو جیل میں کون کون سی سہولتیں مل رہی ہیں۔
نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کو اجلاس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے جب میں اور شاہد خاقان جیل میں تھے تو سعدیہ عباسی صاحبہ صبح شام ہماری خدمت کرتی رہتی تھیں، سعدیہ نے بھی بہت مشکل حالات کا سامنا کیا، ہمارے ساتھ اتنا ظلم ہوا کہ میری آنکھوں کے سامنے میری بیٹی کو گرفتار کیا گیا، یہ لوگ مریم نواز کو باہر سے بھی گرفتار کرسکتے تھے لیکن ان کی کوشش تھی کہ کسی طرح مجھے توڑ سکیں۔
سابق وزیراعظم نے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی میرے مشکل کے ساتھی ہیں اور ان سے پرانا تعلق ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔