سابق اولمپیئن نوید عالم انتقال کر گئے
لاہور: پاکستان کے سابق اولمپیئن نوید عالم کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔
سابق ہاکی کے کھلاڑی کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ نوید عالم لاہور کے اسپتال میں کئی روز سے داخل تھے، جہاں ان کا خون کے سرطان کا علاج ہورہا تھا اور پیر کی رات ان کی کیموتھراپی بھی ہوئی تھی۔ گذشتہ ہفتے سندھ حکومت نے نوید عالم کے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔
سابق کھلاڑیوں اور ہاکی سے وابستہ افراد نے ان کےعلاج کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے بھی شروع کردیے تھے۔
نوید عالم 1994 کی ورلڈکپ فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ نوید عالم پاکستان ہاکی ٹیم، چین کی ہاکی ٹیم اور بنگلادیش کی ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔ نوید عالم کو بیجنگ اولمپکس میں قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
نوید عالم پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بھی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ اور صدر خالد کھوکھر نے نوید عالم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آصف باجوہ نے کہا کہ نوید عالم کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔