قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی پر اتفاق

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں دہشت گردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختون خوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی، انٹیلی جنس اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلوں کی منظوری دے گی۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مشکل سے حاصل امن کسی کو خراب نہیں کرنے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، ملکی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں، وزیراعظم نے کہا، پاکستان کے چپے چپے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ملاقات کی تھی، جس میں ملکی سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال ہواتھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔