ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی مسک نے پراگ اگروال کو برطرف کردیا

واشنگٹن: دُنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک نے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال سمیت تین اعلیٰ عہدیداروں کو گھر بھیج دیا۔
ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراگ اگروال، چیف فنانشل آفیسر اور لیگل پالیسی کے ہیڈ کو برطرف کردیا۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر کی فروخت کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر پراگ اگروال نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔
ایلون مسک نے رواں سال اپریل میں ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، تاہم دو ماہ بعد انہوں نے ٹوئٹر کو خریدنے سے انکار کردیا تھا۔
امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت نے معاہدے پر باضابطہ عمل کرنے کے لیے ایلون مسک کو 28 اکتوبر تک کی مہلت دی تھی۔ ایلون مسک نے ٹوئٹ میں ٹوئٹر خریدنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی تہذیب کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہو جہاں صحت مندانہ انداز میں مختلف عقائد پر بات چیت کرسکیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔