تماشائیوں کی عدم موجودگی، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی، مشتاق

ووسٹر: اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو خود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔
کووڈ 19 کے باعث اسٹیڈیم میں تماشائی موجود نہیں ہوں گے، انگلینڈ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز بھی بغیر تماشائیوں کے کھیلی جارہی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ یہ ٹور غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے، یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تماشائی موجود ہیں اور نہ تجزیہ کرنے کے لیے میڈیا نمائندگان، لہٰذا ان کھلاڑیوں کو اپنے گروپ سے ہی متاثر ہونا ہے اور ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورۂ انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کی ذمے داریوں میں سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے، اسکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پُرجوش ہیں اور وہ بھرپور لگن سے نیٹ پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کووڈ 19 کے پروٹوکولز سے مکمل آگاہ کررہے ہیں، جس میں گراؤنڈ میں سے فاصلہ رکھنا اور گیند کو تھوک سے نہ چمکانا ہے کیونکہ ماضی میں اسپنرز عموماََ گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یادداشت کا مکمل حصہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف ایک دوسرے کی مکمل حوصلہ افزائی کررہے ہیں، یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔