روسی تیل سے عوام کو آنے والے دنوں میں فائدہ پہنچے گا، مصدق ملک

اسلام آباد: مصدق ملک نے کہا ہے کہ روسی تیل سے عوام کو ابھی فائدہ نہیں پہنچا تاہم آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر مملکت پٹرولیم وزیر نے میری بہت سپورٹ کی، 14ماہ میں سسٹم میں16 کروڑ 40 لاکھ مکعب فٹ گیس یومیہ شامل کی جب کہ 13کروڑ 20 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس مزید 6 ماہ میں شامل ہوجائے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ آذربائیجان سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو آیا کرے گا، ہماری مرضی ہوئی ہر ماہ لیں یا نہ لیں، ایل این جی کارگو مہنگا ہونے پر اس کارگو کو ترک کرسکتے ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی تلاش کے لیے نئے بلاکس کی بولیاں کرائیں گے، ملک میں ٹائٹ گیس کی پالیسی بھی لارہے ہیں، مشرق وسطیٰ کے ایک ملک کی مدد سے 12 ارب ڈالر تک لاگت سے ریفائنری لگے گی جب کہ روسی تیل سے ابھی عوام کو فائدہ نہیں پہنچا، آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ ایران پاکستان گیس لائن منصوبے پرپاکستان پر جرمانے کی خبریں درست نہیں، پاکستان نے عالمی پابندیوں کے باعث جرمانے کا مسئلہ 10 سال قبل ہی حل کرلیا تھا، پابندیاں عائد ہوئے بغیر مسئلے کا حل چاہتے ہیں، ہم ایران پاکستان منصوبے کا حل چاہتے ہیں، اس منصوبے پر ایرانی سفیر سے بات چیت کر رہے ہیں، پاکستان کو توانائی کی ضرورت ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔