ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے ہرادیا

ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم نے میزبان کو اننگز اور 47 رنز سے پچھاڑ دیا۔
ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 152 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سلمان علی آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 220 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی، سلمان آغا 63، سعود شکیل 29، صائم ایوب 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ کپتان شان مسعود 11، محمد رضوان 10 اور بابراعظم 5 رنزبناکر آؤٹ ہوئے، اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ آل راؤنڈر عامر جمال 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ بخار میں مبتلا ابرار احمد بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
گزشتہ روز پاکستان نے دوسری اننگز میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 82 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز اسکور کیے تھے جب کہ جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ہیری بروک کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا، انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔