ملتان جلسہ، حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے!

ملتان: آج ملتان میں پی ڈی ایم جلسے کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتیں اور حکومت آمنے سامنے ہیں جب کہ مریم نواز بھی ملتان کے لیے روانہ ہوگئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آج ملتان کے قاسم باغ اسٹیڈیم میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے، بلاول بھٹو زرداری کے کورونا کا شکار ہونے کے باعث بے نظیر بھٹو کی سب سے چھوٹی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی آج سے قومی سیاست میں انٹری دے رہی ہیں جب کہ حکومت نے کورونا کے پیش نظر جلسہ کی روک تھام کا تہیہ کررکھا ہے۔ قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازوں پر تالے ہیں، اس لیے قاسم باغ میں جلسے کا کوئی انتظام نہ ہوسکا، اسٹیڈیم سے پی ڈی ایم جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز بھی اتار دیے گئے ہیں۔
قاسم باغ اسٹیڈیم اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ شہر کے بیشتر مقامات پر کنٹینر لگا کر سڑکوں کو بند کردیا گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
ملتان کے داخلہ اور خارجی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، دیگر شہروں سے ملتان کے لیے بسیں بک کرنے پربھی پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملتان اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کی اضافی نفری، آنسو گیس شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔
لاہور سے ملتان کے لیے روانگی سے قبل مریم نواز نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسے ہو رہے ہیں تو کورونا نہیں پھیل رہا، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لیے ہیں، کووڈ 19 تو چلا ہی جائے گا، کووڈ 18 کو نکالنا ضروری ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور جلسے کو روکنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں لیکن جلسہ ہوگا اور کامیاب بھی ہوگا، مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں، میں گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے لیے 2 بار جیل کاٹ چکی، تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔
2 روز قبل باغ قاسم اسٹیڈیم پر قبضے کے الزام میں ملتان کے تھانہ لوہاری گیٹ پولیس اسٹیشن میں 80 افراد نامزد اور 1800 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ نامزد ملزموں میں یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹے، جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی، جے یو آئی کے سینیٹر عبدالغفور حیدری اور دیگر نامزد ہیں، علی قاسم گیلانی کو پہلے ہی ایک ماہ کے لیے جیل بھیجا جاچکا جب کہ زاہد بہار ہاشمی سمیت درجنوں افراد پولیس کی تحویل میں ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔