محمد حفیظ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر

لاہور: پاکستان سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 سے بھی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد حفیظ نے 2018 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔
18 سال کے کرکٹ کیریئر میں محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ محمد حفیظ نے 32 مرتبہ مین آف دا میچ اور 9 بار مین آف دا سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد حفیظ نے 32 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی قیادت کی 6 ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
محمد حفیظ فرنچائز کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمد حفیظ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ فخر کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ 18 سال پاکستان کے سبز رنگ کی کٹ زیب تن کرنے پر خوش قسمت اور فخر محسوس کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے اپنے اہل خانہ، ساتھی کرکٹرز، سپورٹ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
چئیرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے محمد حفیظ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ نے بھرپور انداز سے کرکٹ کھیلی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں طویل کیریئر بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں محمد حفیظ کی شاندار شراکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔