ٹی وی پر خلاف بولنے والوں کو نوکریاں دے دی گئیں، مدثر نذر

مانچسٹر: سابق اوپنر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ جو ٹی وی پر بول رہے تھے، ان کو نوکریاں دے دی گئیں اور اب جن کو فارغ کیا ہے وہ بولنا شروع ہوجائیں گے۔
پی سی بی اکیڈمیز اور گیم ڈیولپمنٹ کے سابق ڈائریکٹر مدثر نذر نے بورڈ حکام کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں، بہتری کے بجائے معاملات خراب کیے جارہے ہیں، ہم نے جب ان کوچز کو لینے کی بات کی تھی تو اس وقت چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سخت مخالفت کی تھی، اب ان میں سے ہی لوگوں کو رکھ لیا ہے۔
سابق قومی کھلاڑی نے سینٹرل پنجاب چیمپئن ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز جونیئر کو فارغ کرنے کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعجاز جونیئر کو نہ لینے کا بہت دکھ ہے، ایک تجربہ کار اور لیول تھری چیمپئن ٹیم کے کوچ کو کیسے سسٹم سے باہر کیا جاسکتا ہے، اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ تمام فیصلے نیک نیتی سے نہیں کیے گئے، ذاتی پسند و ناپسند بھی اس میں شامل ہے، جو ٹی وی پر بول رہے تھے ان کو نوکریاں دے دی گئی ہیں، اب جن کو فارغ کیا ہے وہ بولنا شروع ہوجائیں گے۔
مانچسٹر میں مقیم سابق کرکٹر نے نِئے آنے والوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کچھ کردار ادا کرسکیں، مدثر نذر نے کہا کہ کوچ ایجوکیشن نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا گیا ہے، مصباح، یونس، یوسف اور دوسرے تمام کرکٹرز کوچنگ کورس کی افادیت کو تسلیم کرکے کوچنگ کورس میں دلچسپی لینا شروع ہوگئے تھے، کوچ ایجوکیشن پروگرام کے لیے بہت محنت کی تھی، دوسرے ممالک سے لوگ اکیڈمی میں کوچنگ کورس کرنے کے لیے آرہےتھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل نے بھی اس کو بہت سراہا ،اب ہمارے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریورس گیئر لگادیا ہے، جو بہت افسوس ناک اور پاکستان کرکٹ کے لیے تباہ کن ہوگا، پوری دنیا میں کوچ ایجوکیشن کو ترقی دینے پر کام ہورہا ہے، لیکن پی سی بی نے کامیابی سے جاری اس پروگرام کو ختم کرکے پاکستان کرکٹ کے ساتھ ظلم کیاہے۔ امید تھی کہ وسیم خان اینڈ کمپنی بورڈ کے معاملات بہتر کرے گی لیکن ایسا دیکھنے میں نہیں آرہا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔