صدر سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، کراچی میں امن وامان سے متعلق گفتگو
کراچی: ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد نے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔
ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور دیگر شریک تھے۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارک باد دی جب کہ صدر مملکت نے مبارک باد دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن وامان سے متعلق بات چیت کی۔
اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں امن و امان سے متعلق آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔