جوڑے کو پہاڑ کی چوٹی پر اظہار محبت مہنگا پڑ گیا!
ویانا: پہاڑ کی چوٹی پر اظہار اُلفت کرنے والے جوڑے کا رومانوی ماحول اچانک اُس وقت خطرناک لمحے میں تبدیل ہوگیا جب لڑکے کی محبوبہ پاؤں پھسلنے کی وجہ سے 650 فٹ بلند پہاڑی سے محبوب کو بھی اپنے ساتھ لے گری۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسٹریا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نوجوان نے اپنی 32 سالہ محبوبہ کو پرپوز کرنے کے لیے ایک پہاڑی کا انتخاب کیا، جہاں انہیں پہنچنے کے لیے ایک دن ٹریکنگ کرنا پڑی۔
ٹریکنگ کے بعد دونوں جب فیلکرٹ نامی پہاڑی پر پہنچے تو لڑکے نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کی اور جیسے ہی لڑکی نے شادی کے لیے ہاں کی تو اچانک اس کا پاؤں پھسلا اور وہ 650 پہاڑی سے نیچے جا گری۔
لڑکی کا پاؤں جیسے ہی پہاڑی سے پھسلا تو بوائے فرینڈ نے اس کا ہاتھ تھاما ہوا تھا اور وہ بھی اس کے ساتھ پہاڑی سے نیچے جاگرا، لیکن لڑکے نے گرتے وقت کسی چٹان کو پکڑ لیا، تاہم گرل فرینڈ 650 فٹ نیچے جا گری، معجزانہ طور پر دونوں ہی بچ گئے۔
مقامی پولیس کے مطابق دونوں کو متعدد چوٹیں آئی ہیں لیکن انہیں ریسکیو کرلیا گیا ہے۔