ماں نے اپنی خوبصورتی کے لیے بچہ بیچ دیا
ماسکو: سنگ دل ماں نے خود کو پُرکشش بنانے کے لیے ایک بچہ بیچ دیا، جس کے عوض اُسے 3600 ڈالر کی رقم حاصل ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ ماں کا نام راز میں رکھا گیا ہے اور خاتون کو مئی کے آخر میں انسانی خرید و فروخت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعض اطلاعات کے مطابق خاتون نے 25 اپریل کو ایک لڑکے کو جنم دیا تھا اور صرف پانچ دن کا بچہ ایک بے اولاد جوڑے کو فروخت کیا تھا۔
روسی خاتون نے دو لاکھ روبل یا 3600 ڈالر کے بدلے اپنا بچہ ایک بے اولاد گھرانے کے حوالے کیا تھا اور رقم ملتے ہی بچے پر اپنے دعوے سے دستبردار ہوگئی تھی۔ پہلے روز اسے 360 ڈالر کی رقم ملی اور چار ہفتے بعد باقی رقم بھی موصول ہوگئی۔
تاہم ایک نامعلوم فرد نے پولیس کو یہ سارا ماجرا کہہ سنایا جس کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرکے خاتون کو گرفتار کرلیا۔ خاتون نے تھانے میں اعتراف کیا کہ اس نے بچہ فروخت کیا تھا اور پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی لے پالک والدین کے حوالے کردیا تھا۔
خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی ناک سے خوش نہ تھیں اور سرجری سے بنیادی خدوخال تبدیل کرانا چاہتی تھیں، جس کے لیے انہوں نے بچے کو فروخت کیا۔ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔