کابینہ کے بیشتر اراکین کا وزیراعظم کو ملک میں ایمرجنسی لگانے کا مشورہ
اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف کو کابینہ کے بیشتر اراکین نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا مشورہ دے ڈالا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو اراکین نے 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والی صورت حال پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران بیشتر کابینہ اراکین نے وزیراعظم کو ملک میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرنے کا مشورہ دیا۔
اراکین نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی صورت حال کنٹرول سے باہر ہوتی جارہی ہے، وزیراعظم کوئی اقدامات کریں، اس پر وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم اور اتحادیوں سے ملنا چاہتا ہوں، ان سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرسکتا۔
بعدازاں وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں 4 بجے تک کا وقفہ کردیا اور وزیراعظم کی پی ڈی ایم سے مشاورت کے بعد کابینہ اجلاس دوبارہ شروع ہوگا۔