مونٹی پنیسر نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا
لندن: سابق انگلش کرکٹر مونٹی پنیسر بھی بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے لے آئے۔
مونٹی پنیسر کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی نے تمام کرکٹ بورڈز کو کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں کھلاڑیوں کو نہ بھیجنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلش بورڈ نے مجھے بتایا ہے کہ کے پی ایل کھیلنے کی صورت میں بھارتی ویزا نہیں ملے گا، کے پی ایل کا حصہ بننے کی صورت میں بھارت میں کسی کرکٹ ایونٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
مونٹی پنیسر نے کہا کہ بھارتی دھمکی کی وجہ سے کمنٹری اور براڈ کاسٹنگ کے کیریئر میں مشکلات دیکھ رہا ہوں، بھارتی بورڈ کی جانب سے روکے جانے پر کے پی ایل کھیلنا میرے لیے مشکل ہوگیا ہے۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کے پی ایل کھیلی تو بھارت کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہوجائیں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کے باوجود سابق سری لنکن کرکٹر تلکارتنے دلشان نے کے پی ایل کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔