مون سون ہوائوں کی آمد، کراچی میں بھی بارش کی پیش گوئی
کراچی: مون سون ہوائوں کی ملک میں آمد، جس کے زیر اثر کراچی میں بھی بارش کی پیش گوئی کردی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود، بوندا باندی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ دیہی سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں جمعہ 3 جولائی کو ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ گھوٹکی، سکھر، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، نوشہروفیروز میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج صبح کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا مطلع جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کے ساتھ کبھی کبھار تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، آج اور کل رات و صبح کے اوقات میں کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ہے۔