بھارت میں بندر کی آخری رسوم پر بڑی دعوت
نئی دہلی: بھارت میں بندر کی موت پر بڑی دعوت کا اہتمام کیا گیا، انڈیا کے دلوپورہ گاؤں میں ٹھنڈ سے مرے بندر کی آخری رسوم میں 1500 سے زائد افراد کے لیے کھانے کی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
باشندوں نے بندر کے جنازے کی تمام رسوم میں حصہ لیا جس میں لاش کو جلا کر مردے کی موکشا کا عمل بھی شامل تھا۔ موکشا روح کی آزادی اور اس کے اصل بے عیب جوہر کے ادراک کی ایک خاص حالت کو کہتے ہیں۔
گاؤں میں پنچایت کے سابق سربراہ ارجن سنگھ چوہان نے میڈیا نمائندوں کو اس عجیب و غریب رسم کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی ہمارے ہاں کوئی بندر مرتا ہے تو ہم مردہ انسان کی آخری رسوم کی طرح ہی اس کی بھی رسوم ادا کرتے ہیں۔
ارجن سنگھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ گاؤں والوں کا ماننا ہے کہ بندروں میں دراصل بندر کی شکل والے ہنومان نامی بھگوان حلول کرجاتے ہیں۔