منی لانڈرنگ کیس: پی ٹی آئی صدر پرویز الٰہی کا جوڈیشل ریمانڈ منظور

لاہور: پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کو منی لانڈرنگ کیس میں لاہور کی مقامی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کو آج جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لیا تھا۔
گزشتہ روز لاہور میں اینٹی کرپشن کی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہیٰ کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کی تھی، تاہم جیل حکام کو روبکار موصول نہ ہونے کے باعث پرویز الہیٰ گزشتہ روز جیل سے رہا نہ ہوسکے تھے۔
ایف آئی اے کی جانب سے پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ کل دوپہر کو ہی درج کیا گیا تھا، اینٹی کرپشن کی عدالت سے ضمانت کی منظوری کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم کل جیل کے باہر موجود تھی تاکہ انہیں گرفتار کیا جاسکے لیکن رہائی نہ ہونے کے سبب ٹیم واپس چلی گئی۔
آج صبح صدر پی ٹی آئی کو جیل سے رہا ہوتے ہی ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا اور انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔
رہائی سے قبل سروسز اسپتال کے ڈاکٹروں نے کیمپ جیل میں پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کیا، جس میں ڈاکٹروں نے ان کو صحت مند قرار دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔