مانیٹری پالیسی کا اعلان: شرح سود میں بڑی کمی، 15 فیصد پر آگئی
کراچی: مرکزی بینک نے شرح سود میں ڈھائی فیصد کمی کردی، جس کے بعد شرح سود 15 فیصد کی سطح پر آگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، جس کے مطابق شرح سود میں مزید ڈھائی فیصد کمی کردی گئی، جس کے بعد شرح سود 15 فیصد کی سطح پر آگئی۔
مانیٹری پالیسی کے اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو 250 بی پی ایس کم کرکے 15 فیصد کردیا، پچھلے ایم پی ایس اجلاس کے بعد مہنگائی توقع سے زیادہ تیزی سے کم ہوئی ہے اور اکتوبر میں اپنے وسط مدتی ہدف کے قریب پہنچ گئی۔
زری پالیسی کمیٹی نے کہا کہ سخت زری پالیسی موقف مہنگائی میں کمی کے رجحان کو برقرار رکھنے میں بدستور کردار ادا کررہا ہے، غذائی مہنگائی میں تیزی سے کمی، تیل کی سازگار عالمی قیمتوں اور گیس ٹیرف و پی ڈی ایل ریٹس میں متوقع ردّوبدل کی عدم موجودگی نے ارزانی کی رفتار بڑھادی۔
کمیٹی نے اعلامیے میں کہا کہ زری پالیسی موقف مہنگائی کو 5-7 فیصد ہدف کی حدود میں رکھتے ہوئے پائیدار بنیادوں پر قیمتوں کے استحکام کا مقصد حاصل کرنے کے لیے مناسب ہے، زری پالیسی موقف سے معاشی استحکام کو تقویت اور پائیدار بنیاد پر معاشی نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔