محمد آصف تیسری بار عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب
دوحہ: پاکستان سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نے تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔
آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے سنسنی خیز فائنل میں ایشین چیمپئن ایران کے علی گھر غوزلو کو محمد آصف نے 3-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
قطر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد آصف نے 9 فریمز پر مشتمل فائنل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بے بس کیے رکھا اور فتح اپنے نام کی، اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد اصف تیسری مرتبہ عالمی اسنوکر چیمپئن بن گئے۔
محمد اصف نے اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
پاکستانی کیوئسٹ نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سینچری بریک کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا، انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی تھی۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی جب کہ 2019 میں دوسری دفعہ اسنوکر میں ورلڈ چیمپئن بنے تھے۔
قبل ازیں عالمی چیمپیئن شپ میں محمد آصف نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔
دریں اثناء پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ اور دیگر عہدے داران نے محمد آصف کو شاندار فتح پر مبارک باد پیش کی ہے اور اسے پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی طرح مسلسل تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والے محمد آصف کو بھی پذیرائی ملے گی اور ان کو انعامات سے نوازا جائے گا۔