کراچی، شدید بارش سے مواصلاتی نظام تلپٹ، موبائل سروسز متاثر!

کراچی: شدید بارشوں کے بعد شہر قائد میں مواصلاتی نظام تلپٹ ہوکر رہ گیا، سیلولر سروس متاثر ہونے سے شہریوں کو رابطوں میں انتہائی دشواری درپیش ہے۔
اطلاعات کے مطابق بارش کی تباہ کاریاں شہر بھر کے مواصلاتی رابطوں کو بھی متاثر کرگئیں، کئی موبائل فون کمپنیوں کے نیٹ ورک معطل رہے، صارفین کے موبائل فونز میں سگنل ہی نہ آسکے اور ان کے دیگر شہریوں سے رابطے منقطع ہوگئے۔ سیلولر سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل ٹاورز کو بجلی کی سپلائی 24 گھنٹوں سے معطل ہے، جس کے باعث سیلولر نیٹ ورک کی سروس متاثر ہوئی ہے۔
ایک موبائل کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی صورت حال ہے جس میں طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے باعث ہمیں مختلف علاقوں میں بلاتعطل سروسز کی فراہمی میں کافی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ہماری خصوصی ٹیمیں موبائل رابطوں کی سروسز کی بحالی کے لیے مسلسل کام کررہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون کمپنیز کے انفرا اسٹرکچر کو بھی بارش کے پانی سے نقصان پہنچا ہے جبکہ موبائل فون کے بعد لینڈ لائن سروس بھی متاثر ہوئی اور شہریوں کو ایک دوسرے سے رابطوں میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے۔ موبائل فون سروس متاثر ہونے سے لازمی خدمات کے دفاتر کو بھی فیلڈ اسٹاف سے رابطے میں شدید مشکلات اٹھانی پڑیں۔
مواصلاتی رابطے منقطع ہونے سے شہری ذہنی اذیت میں بھی مبتلا رہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے عزیزوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے سارا دن موبائل فون پر نمبر ملاتے رہے مگر چند ایک مرتبہ کال ملنے کے سوا بات چیت نہ ہوسکی۔ موبائل فون سروس متاثر ہونے سے انٹرنیٹ سروس کے استعمال میں بھی مشکلات اٹھانا پڑیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔