برطانیہ میں ویزوں کا غلط استعمال، 10 ہزار پاکستانیوں نے پناہ مانگی، ڈی جی ایف آئی اے
اسلام آباد: چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔
ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین اور دیگر ممالک نے غیر قانونی آنے والے پاکستانیوں کا معاملہ اٹھایا، غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال آذربائیجان وزٹ ویزے پر جانے والے 7 ہزار پاکستانی واپس نہیں آئے، 580 پاکستانی بیلاروس گئے اور واپس نہیں آئے۔
انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں 10 ہزار پاکستانیوں نے اسٹوڈنٹس ویزے کا غلط استعمال کیا، 10 ہزارپاکستانی اسٹوڈنٹ ویزے پرگئے اوربیرون ملک پناہ مانگ لی، ملائیشیا اور ازبکستان کے ذریعے بھی نیا ہیومن اسمگلنگ کا روٹ سامنے آیا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق 2025 میں بغیر دستاویزات جانے والے 39 ہزار 786 افراد کو آف لوڈ کیا گیا، اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول کے باعث 3 ہزار سے زائد افراد آف لوڈ ہوئے۔
انہوں نے کہا، لیبیا سے 175 پاکستانی گرفتار ہوئے، جن کو واپس لایا گیا ہے، منظم بھکاریوں میں 75 فیصد کمی آئی، جعلی دستاویزت میں بھی 31 فیصد کمی آئی ہے۔