تینوں فارمیٹ کے ٹاپ تھری میں شامل ہونا ہدف ہے، مصباح الحق

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ کے ٹاپ تھری میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور اس کے لیے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آن لائن انٹرویو میں کہا کہ امید ہے کہ آنے والے وقت میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کے ٹاپ تھری میں شامل ہونے کا ہدف حاصل کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ میں چند اہم مواقع ہاتھ سے نکلنے اور ڈراپ کیچز کی وجہ سے توقعات کے مطابق نتائج نہ مل سکے، بہرحال فائٹنگ اسپرٹ کی جھلک ضرور نظر آئی، جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں کھلاڑیوں نے مشکل صورت حال سے ابھر کر چیلنج پر پورا اترتے ہوئے فتح کا مشن مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کوشش کررہے تھے کہ لوِئر آرڈر ٹوٹل میں 70 یا 80 اہم رنز کا اضافہ کرنے کے قابل ہوجائے، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں محمد رضوان اور فہیم اشرف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ اوپنرز کی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے لیکن دستیاب اوپنرز کو بیکار کرکے نہیں پھینک دینا۔ ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ بورڈ کل کو کیا فیصلہ کرتا ہے یا زندگی میں کیا ہونے والا کوئی نہیں جانتا، ہمارے بس میں کوشش اور محنت ہے جو ضرور کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔