اپنی طلاق کا ذمے دار کسی دوسرے کو نہیں سمجھتی، میرا سیٹھی
لاہور: اداکارہ میرا سیٹھی نے پہلی مرتبہ اپنی ازدواجی زندگی اور طلاق کے تجربے پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنا اور بعد ازاں علیحدگی اختیار کرنا ان کا ذاتی فیصلہ تھا، اس لیے وہ اس کا ذمے دار کسی دوسرے شخص کو نہیں سمجھتیں۔
میرا سیٹھی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کہا کہ طلاق کے بعد انہیں زندگی کے کئی اہم سبق سیکھنے کا موقع ملا۔ ان کے مطابق سب سے بڑی بات یہ سمجھ آئی کہ انسان کو ہر وقت صرف اپنی گَٹ فیلنگ پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، جبکہ کسی بھی رشتے کی خاطر اپنی اصل شخصیت کو تبدیل کرنا بھی درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے معاملہ شریکِ حیات کا ہو، دوست کا، باس کا یا کسی اور تعلق کا، خود کو دوسروں کی خواہش کے مطابق بدل دینا آخرکار نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
میرا کا کہنا تھا کہ اگرچہ لوگ اکثر چاہتے ہیں کہ سامنے والا ان کی پسند کے مطابق خود کو ڈھال لے، لیکن وہ اب سمجھ چکی ہیں کہ اپنی شناخت برقرار رکھنا زیادہ اہم ہے۔ ان کے بقول یہی وہ دو بنیادی اسباق ہیں جو انہیں اپنی ازدواجی زندگی کے اختتام کے بعد حاصل ہوئے۔
میرا سیٹھی نے کہا کہ اس مشکل مرحلے نے انہیں ذہنی طور پر زیادہ مضبوط اور بالغ بنایا۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس تجربے سے آگے بڑھ چکی ہیں، اسی لیے اب وہ اس موضوع پر کھل کر بات کرنے میں خود کو مطمئن محسوس کرتی ہیں۔
انہوں نے معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین سے متعلق رویوں پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اکثر عورتوں کو علیحدگی کے بعد تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انہیں یہ کہہ کر قصوروار ٹھہرایا جاتا ہے کہ وہ رشتہ نبھا نہیں سکیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی کسی سماجی دباؤ یا مجبوری کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ انہوں نے نسبتاً زیادہ عمر میں اپنی مرضی، محبت اور آئیڈیلزم کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا تھا۔
میرا سیٹھی نے واضح کیا کہ چونکہ شادی ان کی اپنی پسند تھی، اس لیے اس کے انجام کی ذمے داری بھی وہ خود قبول کرتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنی طلاق کے لیے نہ سابق شوہر کو موردِ الزام ٹھہراتی ہیں اور نہ ہی کسی اور کو، کیونکہ یہ ان کی زندگی کا ذاتی فیصلہ تھا۔
خیال رہے کہ میرا سیٹھی کا تعلق پاکستان کے معروف صحافتی خاندان سے ہے۔ ان کے والد نجم سیٹھی اور والدہ جگنو محسن ممتاز صحافی ہیں، جبکہ ان کے بھائی علی سیٹھی موسیقی کی دنیا کا معروف نام ہیں۔ میرا سیٹھی نے نومبر 2019 میں کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ 2023 میں طلاق پر ختم ہوگیا، جبکہ انہوں نے گزشتہ برس عوامی سطح پر اس علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ اداکارہ کچھ ان کہی، محبت صبح کا ستارہ ہے، چپکے چپکے اور ڈاکٹر بہو سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کر چکی ہیں۔