ایشیا کپ اور ورلڈکپ: پاکستان ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں ایشیاکپ اور ورلڈکپ کے لیے زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عماد وسیم، شعیب ملک، محمد عامر، حارث سہیل اور عمر اکمل جیسے کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں پوچھے جانے پر مکی آرتھر نے کہا کہ گروپ کے کچھ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاہم خاص طور پر کسی نام کا انتخاب نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں کھیلے گئے اسکواڈ کے مقابلے میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی، ہمارے پاس اس سیریز میں 20 کے قریب کھلاڑی تھے تاہم ہمیں 15 پلیئرز سلیکٹ کرنے ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے مباحثے ہوئے، لیکن ٹیم کسی بھی مقام پر کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گزشتہ ماہ پی سی بی نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لیے دو لیگ میچوں کے مقامات کو تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔
بورڈ نے 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنائے میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جب کہ 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا کے ساتھ میچ کروایا جائے۔
خیال رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔
گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جب کہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔