میلبورن ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 79 رنز سے شکست
میلبورن: پرتھ ٹیسٹ کے بعد میلبورن ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا، یوں سیریز آسٹریلیا نے جیت لی، آخری مقابلہ ابھی باقی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور عبداللہ شفیق 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 12 کے انفرادی اسکور پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بابراعظم 41 رنز بنا کر جوش ہیزل وڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جب کہ سعود شکیل 24 رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے، محمد رضوان بھی 35 رنز بناکر پیٹ کمنز کا شکار بنے جب کہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بھی صفر پر ہی آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ 4 وکٹیں مچل اسٹارک کے حصے میں آئیں اور ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل وڈ نے شکار بنایا۔
قبل ازیں کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 186 رنز 6 کھلاڑی پر کیا اور پوری ٹیم 262 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ایلکس کیری نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کے مچل مارش 96 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ اسٹیو اسمتھ 50، پیٹ کمنز 16، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9رنزبنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دو وکٹیں عامر جمال کے حصے میں آئیں۔