عادل راجا کے خلاف مہوش حیات کا عدالت سے رجوع
کراچی: عدالت عالیہ سندھ نے اداکارہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دے دیا۔
مہوش حیات نے عادل راجا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس کی سماعت کے دوران مہوش حیات کے وکیل نے کہا کہ عادل راجا نامی شخص جھوٹے الزامات لگارہا ہے، مہوش حیات پر سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات لگائے گئے جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کیا مگر کارروائی نہیں ہورہی۔
مہوش حیات کے وکیل نے استدعا کی کہ الزامات لگانے والوں کو سزا دی جائے اور سوشل میڈیا پر موجود مواد فوری ہٹایا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے مہوش حیات کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران اداکارہ نے عدالت میں بیان دیا کہ میرا نام اس نے’ایم ایچ‘ لکھا ہے اور کبریٰ خان کے خلاف الزامات واپس لے لیے ہیں۔
عدالت نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے۔
عدالت نے فریقین کو دو ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔