مولانا فضل الرحمٰن پی ڈی ایم کے سربراہ مقرر
اسلام آباد: سینئر سیاست دان مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل اور دیگر جماعتوں کے سربراہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملکی سیاسی صورت حال سمیت اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمٰن کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہ مقرر کردیا گیا، (ن) لیگ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کا نام پی ڈی ایم سربراہ کے لیے تجویز کیا گیا تھا جب کہ دیگر جماعتوں کو نائب صدر کے عہدے دیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل ہوں گے جس کا باضابطہ اعلان اسٹیرنگ کمیٹی میں کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو اتفاق رائے سے پی ڈی ایم کا پہلا صدر منتخب کر لیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت اور بصیرت پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، قائد (ن) لیگ نواز شریف نے ان کا نام تجویز کیا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تائید کی۔