خواجہ سعد کے خلاف ریلوے اراضی کی انکوائری بند نہیں کی، نیب

اسلام آباد: خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی لیز پر دینے کی تحقیقات بند کرنے کی نیب لاہور نے تردید کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پر ریلوے کی اربوں روپے کی زمین من پسند افراد کو سستے داموں لیز پر دینے کا الزام ہے۔ ان کے خلاف نیب میں شکایت جمع ہوئی کہ سعد رفیق نے لاہور والٹن روڈ اور یو ای ٹی پر اراضی 33 سال کے لیے لیز پر دلوائی، سعد رفیق نے ریڈمکو کے ذریعے یہ زمین من پسند کنٹریکٹر کو فائدہ پہنچانے کے لیے دی، پاکستان ریلوے کے آفیسرز نے بھی اراضی لیز پر دینے کے لیے جانچ پڑتال نہیں کی۔
اس ضمن میں میڈیا میں یہ خبر گردش کررہی تھی کہ سعد رفیق پر الزامات ثابت نہیں ہوسکے جس پر نیب لاہور نے ان کے خلاف انکوائری بند کردی تاہم نیب نے اس بات کی تردید کردی ہے۔
نیب نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف کوئی انکوائری بند نہیں کی گئی، ریلوے اراضی کی لیز سے متعلق انکوائری بند کرنے کی خبریں درست نہیں اس لیے میڈیا قیاس آرائیوں سے اجتناب کرے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔