سندھ: میٹرک، انٹر کے طلبا کو پروموٹ کرنے کیلیے خصوصی مارک شیٹس کے اجرا کی منظوری

کراچی: صوبہ مہران یعنی سندھ میں میٹرک اور انٹر کے امتحان سے متعلق پروموشن پالیسی اور سال 2020 کی خصوصی مارک شیٹس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس بات کی منظوری گزشتہ روز حیدرآباد تعلیمی بورڈ میں سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز، کنٹرولرز اور آئی ٹی منیجرز کے اجلاس میں دی گئی، جس میں پروموشن پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے اختیار کرنے کا طریقہ کار اور اس میں درپیش مسائل کو حل کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ طالب علم کو سال اوّل کے مطابق سال دوم میں نمبر دیے جائیں اور اس میں 3 فیصد کا اضافہ کردیا جائے گا اور مارکس سرٹیفکیٹ پر سال اوّل کے نمبر ظاہر کیے جائیں گے جب کہ سال دوم کے مضامین کے آگے ظاہر نہیں ہوں گے لیکن اگر کوئی طالب علم کسی بھی مضمون میں فیل ہوا ہوگا تو اس کو پالیسی کے مطابق پاس کرتے ہوئے اس مضمون کے آگے نمبر ظاہر کیے جائیں گے۔
سال اوّل میں ناکام یا غیر حاضر طالبعلم کے لیے پالیسی کے مطابق واضح کیا گیا کہ اگر کوئی طالب علم دو پرچوں میں ناکام ہے تو اس کو پاس مضامین کے اوسط نکال کر فیل پرچوں کے نمبر شمار کیے جائیں گے لیکن اگر کوئی طالب علم دو پرچوں سے زیادہ میں فیل یا غیر حاضر ہے تو اس کو 33 نمبر فی پرچہ دے کر پاس کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔