ممیا شاجفر کا دوران شوٹنگ ساتھی اداکار کی جانب سے ہراساں کرنے کا انکشاف

کراچی: ٹی وی کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ ممیا شاہ جفر نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار کی جانب سے جنسی ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ ممیا شاجفر کا ایک میگزین کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ شوبز کیریئر کے آغاز میں ہی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکار نے غیر ضروری طور پر بار بار چھوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حرکت پر جب ساتھی اداکار کو ڈانٹا تو انہوں نے پروڈیوسر سے شکایت کردی کہ میں نے انہیں گالی دی ہے۔ اس واقعے کے بعد میں محتاط ہوگئی اور پروڈیوسرز اور اداکاروں سے دُور رہنا شروع کردیا۔
ممیا شاجفر کا مزید کہنا تھا کہ لوگ مجھے اس بات کا طعنہ دیتے رہتے ہیں کہ مجھے کام اس لیے ملتا ہے کیونکہ میں مختصر کپڑے پہنتی ہوں۔ مجھے اپنے انسٹا گرام پر ہر طرح کی تصاویر اور ویڈیوز نہ لگانے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میرا اصل نام ماہم شاہد خان جعفر خان شیواری ہے۔ نام طویل ہونے کے باعث شوبز میں آنے کے بعد اسے ممیا شاجفر کردیا۔ اداکاری کے شعبے میں آنے سے قبل ہی 25 سال کی عمر میں اپنے کلاس فیلو سے شادی کرلی تھی۔ میری شادی صرف 10 دن کے اندر ہوگئی تھی، جس میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔