نودریافت مکڑی کو خطرناک فلمی ولن جوکر کا نام تفویض!
فن لینڈ: سائنس دانوں کے فطرت کے کارخانے میں دریافت ایک نئی مکڑی کو جوکر کا نام دے دیا جو مشہور فلم سیریز کے خطرناک مرکزی وِلن کے اصل نام پر رکھا گیا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ مکڑی پر سرخ اور سفید رنگ نمایاں ہے اور جوکر پوری فلم میں انہی دو رنگوں کے میک اپ میں دکھائی دیتا ہے۔ یہ کردار 2019 میں واکین فینکس نے ادا کیا تھا جب کہ اس سے قبل ہیتھ لیدر جوکر بنتے رہے تھے۔
خیال رہے کہ یہ مکڑی اس جینس سے تعلق رکھتی ہے جس کی ایک قسم (نوع) کو پہلے ہی راک فنکار لاؤ ریڈ کا نام دیا تھا اور یہ فنکار سیاہ لباس پہنتا اور کبھی کبھار مسکراتا تھا۔
یہ مکڑی ایران میں دریافت ہوئی ہے جسے لوریڈا فینکسائی کا سائنسی نام دیا گیا ہے۔ اس جینس کی مکڑی کی چار اقسام ہیں اور آخری قسم ایران سے ملی ہے۔ ایل فینکسائی کے نر مکڑے پر شوخ سرخ اور سفید رنگ ہوتے ہیں اور سائنسدانوں نے اسے دیکھتے ہی فلم کے کردار جوکر کو یاد کیا۔ اگرچہ اس کی لمبائی صرف 8 ملی میٹر ہے لیکن کسی آلے کے بغیر اس کے دونوں رنگوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
فِن لینڈ کی یونیورسٹی آف ٹورکو میں ڈاکٹریٹ کے طالب علم علی رضا زمانی اور ان کے ساتھیوں نے جس نئی مکڑی کو دیکھا ہے وہ ’ایرسڈائی‘ فیملی سے تعلق رکھتی ہے جنہیں مخمل جیسے بالوں کی وجہ سے مخملی مکڑیاں کہا جاتا ہے۔ ان مکڑیوں کی بعض بہت دلچسپ عادات پائی جاتی ہیں یعنی گھر بنانے میں ایک دوسرے کی مدد کرتی ہیں اور ایک دوسرے کے بچوں کا خیال بھی رکھتی ہیں۔
لیکن یاد رہے کہ اسے دیکھنا محال اور یہ مکڑی سال میں محض تین ہفتے کے لیے باہر آتی ہے اور بقیہ وقت زمین کے اندر گزارتی ہے۔ نرمکڑے اکتوبر سے نومبر تک خوراک کی تلاش میں باہر نکلتے ہیں۔ لیکن اس دریافت کے بعد ماہرین کو مادہ مکڑی کی تلاش ہے جو بہت مشکل سے باہر آتی ہے۔