ہمیں اپنی فلموں اور ڈراموں کی کہانیاں تبدیل کرنا ہوں گی، ماہرہ

کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ معاشرے کی سوچ کو تبدیل کرنے کے لیے ہمیں اپنی فلموں اورڈراموں میں دکھائی جانے والی کہانیوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔
عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف بہت سی آوازیں بلند ہوتی ہیں، لوگ سڑکوں پرآتے ہیں لیکن پھر یہ سب بھلادیا جاتا ہے، اس کے بعد پھر کوئی خبر آتی ہے، پھر یہی سب ہوتا ہے لیکن ہم اپنے عوام کو تربیت دینے کے لیے تیار نہیں۔ ہمیں ایسے پروگرامز بنانے چاہئیں جس سے بچوں کی تربیت ہو، لیکن ہم اس کے بارے میں کھل کربات کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹی وی سیریز اور فلموں میں موجود کہانی بدلنی چاہیے۔ ہم صرف یہ نہیں دکھاسکتے کہ عورت پر ظلم ہورہا ہے اور پھرعورت کو اسی شخص سے محبت ہوجائے اور اسی کو ہم ہیرو بھی دکھاتے ہیں۔ تشدد کرنے والا شخص ہیرو نہیں ہوسکتا۔ ہمیں کہانی بدلنے کی ضرورت ہے اوریہاں میں بھی ذمے داری لیتی ہوں کیونکہ میں بھی میڈیا کا حصہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سے بہت سی رنگ گورا کرنے والی کریموں اور مصنوعات کے لیے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ایسے پروڈکٹ کا حصہ بن کر میں ایک ایسے خیال کی توثیق کررہی ہوں کہ گہرے رنگ کی لڑکی لڑکا یا کوئی بھی اتنا خوبصورت یا پرکشش نہیں ہوتا جتنا ایک گورے رنگ کا حامل شخص خوبصرت ہوتا ہے۔ دراصل مجھے کبھی یہ بات سمجھ نہیں آتی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔