حقیقی لٹل ماسٹر
لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کی پانچویں برسی پر خصوصی تحریر


آج ملک کے عظیم بلے باز اور کرکٹ کے اولین اور حقیقی لٹل ماسٹر حنیف محمد کی پانچویں برسی منائی جارہی ہے۔ 11 اگست 2016 کو کراچی میں آپ کا انتقال ہوا۔
پاکستانی کرکٹ کے لیے حنیف محمد اور اُن کے بھائیوں (جنہیں محمد برادران کے نام سے یاد کیا جاتا ہے) کی خدمات کسی طور بھلائی نہ جاسکیں گی۔ حنیف محمد کے علاوہ مشتاق محمد، وزیر محمد اور صادق محمد نے پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ رئیس محمد فرسٹ کلاس کرکٹ تک محدود رہے۔ مشتاق محمد اپنے دور کے بڑے آل راؤنڈر گردانے جاتے تھے۔ اُن کی قیادت میں قومی ٹیم نے بڑی فتوحات سمیٹیں۔ خیر بات ہورہی تھی لٹل ماسٹر حنیف محمد کی۔ انہوں نے نوزائیدہ قومی کرکٹ ٹیم کی کئی یقینی شکستوں کو ڈرا کرانے یا جیت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔