لیلیٰ نے بہت مشکلات دیکھیں، ریشم غربت پر ان کا مذاق اُڑاتی تھی، میرا
لاہور: پاکستانی اداکارہ میرا نے اپنی قریبی دوست اور فلم اسٹار لیلیٰ کی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ ریشم پر سنگین الزامات عائد کردیے۔
لیلیٰ ان دنوں ایک پاکستانی رئیلٹی شو میں شرکت کے باعث ایک بار پھر خبروں میں ہیں، جہاں ناظرین ان کے انداز اور دیگر شرکاء کے ساتھ تعلق کو پسند کررہے ہیں۔
حال ہی میں میرا نے انسٹاگرام پر لیلیٰ کے حق میں ایک طویل پیغام شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے انہیں سپورٹ کرنے اور ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ لیلیٰ نے زندگی میں شدید مالی مشکلات کا سامنا کیا اور ریشم ان کی غربت کا مذاق اڑاتی تھیں۔
میرا کے مطابق لیلیٰ بچپن سے اپنے خاندان کی کفالت کرتی آئی ہیں اور انہوں نے زندگی میں کئی مشکل حالات کا تنہا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی گاڑی، گھر، زیورات اور خاندان سمیت بہت کچھ کھودیا اور ایک وقت میں مالی طور پر انتہائی مشکل حالات کا شکار ہوئیں۔
میرا نے الزام لگایا کہ ریشم نے لاہور میں قریباً 20 برس تک لیلیٰ کو مشکل وقت دیا، کیونکہ ان کے پاس اپنا گھر یا گاڑی نہیں تھی اور انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کی جاتی رہی۔
میرا نے لیلیٰ کو اپنی بہن قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ اب وہ زندگی میں خوشیاں دیکھیں، شادی کرکے ایک پُرسکون اور خوش حال زندگی گزاریں۔
میرا نے رئیلٹی شو میں لیلیٰ کی کارکردگی کی بھی تعریف کرتے ہوئے انہیں شو کی کوئن اور جیت کی سب سے زیادہ حق دار امیدوار قرار دیا اور مداحوں سے ان کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔