کرناٹک انتخابات بی جے پی کے لیے ڈرائونا خواب بن گئے
بینگلورو: بھارت کی ریاست کرناٹک میں ریاستی انتخابات حکمراں جماعت بی جے پی کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوئے ہیں، جن میں کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح شکست دے کر جنوبی بھارت کی اہم ریاست مودی سے چھین لی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ 10 مئی کو ہونے والے کرناٹک کے ریاستی انتخابات کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی کو یہاں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کی 224 اسمبلی نشستوں میں سے کانگریس نے 129 نشستیں اپنے نام کرکے سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے جب کہ بی جے پی 68 نشستیں حاصل کرسکی ہے۔
دھیان رہے کہ جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے اور کرناٹک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں کے ریاستی انتخابات بھارت میں پارلیمانی انتخابات کا رجحان طے کرتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں نے حالیہ شکست کو مودی سرکار کے لیے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔